پاکستان کرکٹ بورڈ نے آخرکار بیرونی ہیڈکوچ سے پیچھا چھڑاتے ہوئے سابق کپتان مصباح الحق کو نہ صرف ہیڈکوچ بلکہ چیف سلیکٹر بھی تین سالہ میعاد کے لیے مقرر کردیا ہے۔ اس طرح وہ بہ یک وقت مکی آرتھر (جنوبی افریقہ) اور انضمام الحق (سابق پاکستانی کپتان) کے جانشین بنے ہیں۔ مصباح کو وقار یونس سے مسابقت درپیش تھی لیکن آخرالذکر کو ایک سے زائد مرتبہ آزمایا جاچکا ہے۔ شاید اسی لئے پی سی بی نے مصباح کے حق میں فیصلہ کیا ہے۔ 

مصباح کے تعلق سے بعض گوشے کہتے رہے ہیں کہ وہ کھیل میں دفاعی موقف اختیار کرتے ہیں۔ یہ مشاہدہ ان کے کریئر میں کہیں کہیں درست ہوسکتا ہے لیکن میرے خیال میں ٹسٹ کی دوسری تیزترین سنچری بنانے والا اور کپتان کی حیثیت سے پاکستان کو نمبر 1 ٹسٹ ٹیم کے درجے تک پہنچانے والے پر دفاعی کھلاڑی کا ٹھپہ لگانا زیادتی ہوگی۔ جہاں تک مجھے یاد ہے مصباح نے اپنے کریئر کی سب سے بڑی غلطی افتتاحی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2007 منعقدہ جنوبی افریقہ کے فائنل میں انڈیا کے خلاف جیت کے بہت قریب پہنچ جانے کے بعد غیرضروری شاٹ کھیلتے ہوئے کی، جس نے ایم ایس دھونی زیرقیادت ٹیم کو عالمی خطاب جتوا دیا تھا۔


مصباح برسوں تک پاکستان کے لیے کامیاب کرکٹ کھیلتے رہے جس کا ثبوت انھیں مختلف فارمٹس میں طویل مدت تک کیپٹن بنائے رکھنا ہے۔ پی سی بی نے بڑا حوصلہ بخش اقدام کیا کہ 45 سالہ مصباح کے لیے آرتھر کے مساوی تنخواہ طے کی جو ماہانہ 28 لاکھ روپے ہے۔ ان کے پیشرو انضمام الحق تقریباً 16 لاکھ روپے کی تنخواہ لیتے تھے۔ اس طرح وہ پاکستان کے سب سے مہنگے ہیڈکوچ بن گئے۔ یہ بھی بڑی خوش آئند بات ہے کہ پوسٹ گرائجویٹ مصباح سب سے زیادہ تعلیم یافتہ پاکستانی کوچ بنے ہیں۔ 


مصباح نے نئے عہدوں کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی پہلی ہی پریس کانفرنس میں ارادے واضح کردیئے کہ وہ جارحانہ حکمت عملی اختیار کریں گے ۔ مصباح کے انتخاب میں مجھے جو بات سب سے اچھی لگی، وہ یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ میں اِن دنوں کئی باصلاحیت کھلاڑیوں کی نئی کھیپ آئی ہے جنھیں آرتھر جیسے بیرونی کوچ کے لیے پوری عمدگی سے تیار کرنے میں شاید زبان بڑی رکاوٹ بنتی رہی ہے۔ آرتھر ایسا لگا کہ پاکستان کے مقامی حالات اور کھلاڑیوں کی ذہنی سطح سے بھی پوری ہم آہنگ نہیں ہوپائے تھے۔ مجھے لگتا ہے، مصباح کے لیے ایسا کوئی مسئلہ نہیں پیش نہیں آئے گا۔ ان کی عمر بھی پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کے لیے بہت موزوں ہے۔ چنانچہ پاکستان کرکٹ سے بہتر نتائج کی توقع رکھی جاسکتی ہے۔


మరింత సమాచారం తెలుసుకోండి: