ایم اے سلام

بالی ووڈ کے لئے ہر گذرا سال کچھ کامیابیاں اور کچھ ناکامیاں دے کر جاتا ہے اور ایسا ہی کچھ سال 2019 کے ساتھ بھی رہا۔ یوں تو ہر سال کی طرح اس سال بھی کئی فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں چھوٹے بڑے اور اوسط بجٹ کی فلمیں رہیں۔ لیکن ان سب کے بارے میں لکھا جائے تو تفصیل بڑی ہو جائے گی۔ ایسے میں ہم یہاں صرف گذرے سال کی ہٹ اور فلاپ فلموں کے ساتھ ساتھ ان اداکاروں اور اداکاراوں کا بھی ذکر کرتے چلیں گے۔ جن کے لئے گذرا سال کتنا اچھا رہا اور کتنا خراب یہاں ہم سال کی 10 سب سے ہٹ اور باکس آفس پر زبردست کمائی کرنے والی فلموں کا ذکر کرتے چلیں۔ اس سال کی پہلی سوپر ہٹ فلم کبیر سنگھ کو کہا جاسکتا ہے۔ یہ دراصل تلگو کی ہٹ فلم ارجن ریڈی کا ری میک تھی۔ شاہد کپور اور کیارا اڈوانی اسٹار یہ فلم 21 جون کو ریلیز ہوئی جو 60 کروڑ روپیوں کے بجٹ سے بنائی گئی تھی لیکن اس فلم نے 278.24 کروڑ روپیوں کی کمائی کی ۔ سال کی دوسری سوپر ہٹ فلم اوری دا سرجیکل اسٹرائک رہی۔ اس فلم نے پہلے ہی دن 8.20 کروڑ کی کمائی کی لیکن آہستہ آہستہ اس کے باکس آفس کلکشن میں زبردست اضافہ ہوتا گیا۔

اس طرح اس فلم نے جملہ 245.36 روپیوں کی کمائی کی۔ فلم کا مرکزی کردار وکی کوشل نے نبھایا تھا۔ بھارت گذرے سال کی تیسری ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ سلمان خان اور کیٹرینہ کیف اسٹار یہ کورین فلم ”اوڈے ٹومائی فادر“ کا ری میک تھی۔ فلم میں سلمان کے پانچ الگ الگ لک دیکھنے کو ملے تھے۔ فلم نے پہلے ہی دن 42.30 کروڑ روپیوں کا بزنس کیا جبکہ سلمان کی اس فلم نے جملہ 211.07 کروڑ روپیوں کی کمائی کی۔ فلم میں دشاپٹانی، سنیل گروور، نورا فتحی بھی اہم کرداروں میں تھے۔ اکشے کمار، سوناکشی سنہا، تاپسی پنو، کرتی کلہاری شرمن جوشی، ودیا بالن اسٹار مشن منگل بھی اس سال کی ٹاپ ٹن سوپر ہٹ فلموں مےں شامل ہوگی۔ اس فلم نے پہلے دن 29.16 کروڑ کی کمائی کی اور اس کا جملہ کلکشن 178.11 کروڑ روپے رہا۔

اکشے کمار پرنیتی چوپڑہ اسٹا فلم کیسری نے پہلے دن 21.06 کروڑ کی کمائی کی وہیں فلم نے جملہ 154.41 کروڑ روپے کمائے ۔ ٹوٹل دھمال انیل کپور، اجئے دیوگن، مادھوری ڈکشٹ کی اسٹار کاسٹ پر مبنی ہے۔ فلم نے پہلے دن 16.50 کروڑ کا بزنس کیا وہیں اس فلم کی جملہ کمائی 154.23 کروڑ روپے رہی اس فلم کی خاص بات یہ رہی کہ فلم کو اچھے تبصرے نہ ملنے کے باوجود فلم نے زبردست کمائی کی۔ ریتک روشن اسٹار سوپر 30 نے پہلے دن 11.83 کروڑ روپیوں کی کمائی کی وہیں فلم نے 146.91 کروڑ کی جملہ کمائی کی۔ رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ اسٹار فلم گلی بوائے نے پہلے دن 19.40 کروڑ روپیوں کی کمائی کی تو وہیں اس فلم نے باکس آفس پر جملہ 140.25 کروڑ کا بزنس کیا۔ اجئے دیوگن، راکل پریت اور تبو اسٹار فلم دے دے پیار دے نے پہلے دن 10.41 کروڑ روپیوں کی کمائی کی۔ وہیں فلم نے 103.64 کروڑ روپیوں کا بزنس کیا۔ بالی ووڈ کے چاکلیٹ بوائے کہے جانے والے اداکار کارتک آرین کی فلم لکا چھپی نے بھی سال 2019 میں 100 کروڑ کلب میں داخلہ لیا۔ فلم میں کارتک کے ساتھ کرتی سنن نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔ اس فلم نے پہلے دن 8.01 کروڑ روپیوں کی کمائی کی اور فلم کا جملہ کلکشن 103.64 کروڑ رہا۔

 

 

మరింత సమాచారం తెలుసుకోండి: