امیتابھ بچن کو حکومت ہند نے سال 2019 کے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کے لیے متفقہ طور پر منتخب کیا ہے جس کا اعلان مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکر نے منگل کو کیا۔ اس اعلان کے ساتھ ہی سوپر اسٹار آف دی ملینیم کے لیے خوشی دوبالا ہوگئی۔ وہ فلم انڈسٹری میں اپنا 50 واں سال منا رہے ہیں اور اگر ان کی پہلی فلم ’سات ہندوستانی‘ کی ریلیز کی تاریخ (7 نومبر 1969) کے لحاظ سے دیکھیں تو نومبر میں ’بگ بی‘ کے بالی ووڈ میں پچاس سال پورے ہوں گے۔ میگا اسٹار کو اس باوقار ایوارڈ پر نہ صرف سارا ملک بلکہ انٹرنیشنل کمیونٹی بھی خوش ہے۔


امیتابھ بچن کے پاس سرکاری و غیرسرکاری اعزازات و انعامات کی کمی نہیں ہے۔ وہ 1984 میں پدما شری، 2001 میں پدما بھوشن اور 2015 میں پدما وبھوشن جیسے باوقار ایوارڈز سے نوازے جاچکے ہیں۔ اپنے وقت کے ”اینگری ینگ مین“ کا دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کے لیے متفقہ انتخاب بھی اعزاز سے کم نہیں۔ جیسے ہی ایوارڈ کے لیے انتخاب کا اعلان ہوا، توقع کے مطابق سب سے پہلے مبارکباد پیش کرنے والوں وزیراعظم نریندر مودی شامل ہیں۔ انھوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ لجنڈ امیتابھ بچن جنھوں نے 2 نسلوں کو محظوظ کیا اور تحریک دلائی، انھیں فلموں کے اعلیٰ ترین اعزاز کے لیے اتفاق رائے سے منتخب کیا گیا ہے۔ ساوتھ کے سوپر اسٹار رجنی کانت، بالی ووڈ سے انیل کپور، کرن جوہر بھی امیت جی کو پہلے مبارکباد دینے والوں میں شامل ہیں۔


مذکورہ بالا ایوارڈز کے علاوہ امیتابھ بچن نے اپنے کریئر میں متعدد انعامات بھی جیتے ہیں جن میں بسٹ ایکٹر کی حیثیت سے چار نیشنل فلم ایوارڈز، کئی فلم فیئر ایوارڈز، کئی انٹرنیشنل فلم فسٹیول ایوارڈز شامل ہیں۔ بہرحال بھارت میں فلمی دنیا کا عظیم ترین اعزاز ’دادا صاحب پھالکے‘ ہوتا ہے جسے اب تک 40 سے زیادہ اسٹارز کو ان کی زندگی میں یا بعدازمرگ دیا جاچکا ہے۔ گزشتہ ایوارڈ ونود کھنہ کو بعداز مرگ دیا گیا تھا۔ بلاشبہ کسی کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ زندگی میں حاصل ہوجانا مزید بڑا اعزاز ہوتا ہے۔ دلیپ کمار (یوسف خان)، لتامنگیشکر، منوج کمار وغیرہ کو بھی ان کی زندگی میں یہ باوقار ایوارڈ حاصل ہوا ہے۔


امیتابھ بچن نے فلم زنجیر سے نمک حرام تک، وہاں سے ابھیمان اور چپکے چپکے تک اپنی مختلف نوعیت کی صلاحیتوں کا ہر فلم میں مظاہرہ کیا ہے۔ اور اب 76 سال کی عمر میں انھیں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ حاصل ہے، جس نے بالی ووڈ اسٹارز کو میگا اسٹار کے جلال سے مرعوب کردیا ہے۔ انیل کپور جو 2003 کی فلم ارمان میں بگ بی کے ساتھ کام کرچکے ہیں، انھوں نے کہا کہ اس لجنڈ کے بغیر انڈین سنیما کا کوئی تذکرہ نہیں ہے۔ انھوں نے اپنے ہر رول کے ساتھ سنیما کو نئی جلا بخشی ہے۔ امیتابھ بچن کی ایک سے زیادہ فلموں کی ڈائریکشن کی ذمہ داری نبھانے والے کرن جوہر نے کہا کہ میگا اسٹار انڈین سنیما کے سب سے زیادہ حوصلہ بخش اسٹار ہیں۔ افسانوی گلوکارہ لتا منگیشکر، فلم ساز مدھر بھنڈارکر، تلگو اسٹار ناگرجنا اکنینی، دیا مرزا اور کئی فلمی ستاروں نے امیتابھ بچن کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ بین الاقوامی سطح پر بھی فلمی برادری اور کئی نامور شخصیتوں نے اسٹار آف دی ملینیم کو باوقار اعزاز کا خیرمقدم کیا ہے۔ امیت جی، دادا صاحب پھالکے ایوارڈ مبارک ہو۔

Find out more: